10 جولائی ، 2020
اسلام آباد: امریکی شہری سنتھیا رچی نے اپنے کیس میں عدالت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنتھیا رچی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک کلاؤن شو کیا جارہا ہے جو جلد ہی انٹرنیشنل کمیونٹی بھی دیکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عدالتوں پر پورا بھروسہ ہے جب کہ وزارت داخلہ اور باقی تمام اتھارٹیز بہترین کام کریں گی۔
سنتھیا رچی نے میڈیا نمائندگان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ میٹھی لسی، فریش آم اور خاص طور پر چونسا آم میرے پسندیدہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دال چاول ہمیشہ سے پسند ہے جس پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ گجرانوالہ کے یا یہاں کہ دال چاول؟، سنتھیا نے کہا کہ دال چاول گجرانوالہ کے پسند ہیں۔
سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام لگایا ہے۔
پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھیا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کر لیا ہے۔
رحمان ملک کی جانب سے سنتھیا رچی کو 50 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا گیا ہے جب کہ سنتھیا رچی نے یوسف رضا گیلانی کو 12 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا ہے۔