11 جولائی ، 2020
ملک بھر میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ میں 56 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور یومیہ ٹیسٹنگ 43 ہزار 636 سے کم ہوکر 24 ہزار 496 پر آگئی۔
وفاقی محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں یومیہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 16 ہزار 470 ہے جو کہ کم ہو کر 7 ہزار 745 پر آچکی ہے۔
سندھ میں یومیہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 13 ہزار 900 ہے جو کہ کم ہوکر 10 ہزار669 ہوگئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں یومیہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 2ہزار910 ہے لیکن وہاں بھی یومیہ ٹیسٹنگ کم ہوکر ایک ہزار 829 پر آچکی ہے۔
بلوچستان میں یومیہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 2 ہزار200 سے کم ہو کر صرف 243 ٹیسٹوں پر آچکی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یومیہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 7 ہزار 400 ہے جو کہ اب 3ہزار 631 پر آچکی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق گلگت بلتستان میں یومیہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 360 سے کم ہوکر 53 پرآچکی ہے جب کہ آزاد جموں کشمیر میں یومیہ ٹیسٹنگ کی صلاحیت 376 سےکم ہوکر 326 پر آگئی ہے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 46 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 5 ہزار 123 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب اور کراچی میں کورونا کے کیسز میں کمی رپورٹ کی گئی ہے تاہم پنجاب میں کم کیسز کی ایک وجہ علامات کے بغیر ٹیسٹوں میں کمی بھی بتائی گئی ہے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی نئی گائیڈ لائن جاری ہونے کے بعد علامات کے بغیر کورونا ٹیسٹ کرنا بند کردیے ہیں جس کے بعد مریضوں میں واضح کمی سامنے آئی ہے۔