کاروبار

کراچی والوں کیلئے بجلی مہنگی کی جائے یا نہیں؟ وفاقی کابینہ فیصلہ نہ کرسکی

وفاقی کابینہ کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کے فیصلے پر متفق نہ ہوسکی،  وزیراعظم نے اس معاملے پر ایک اور اجلاس طلب کرلیا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدار وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں  ملک کی مجموعی،سیاسی اور اقتصادی صورت حال پرغورکیاگیا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ میں کے الیکٹرک کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی اورکابینہ کو کے الیکٹرک کےنرخ اور دیگر معاملات پربریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں کے الیکٹرک سے متعلق کوئی فیصلہ نہ کیاجاسکا  اور کابینہ کےالیکٹرک کے بجلی کے نرخوں پر متفق نہ ہوسکی۔

 اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گذشتہ دنوں کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی ٹیرف میں 2 روپے 89 پیسے تک اضافے کے منظوری دی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نےاقتصادی رابطہ کمیٹی کے مزیدفیصلوں کی توثیق کا معاملہ بھی مؤخرکردیا، ای سی سی نے 3 جولائی کو ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے سمیت اہم فیصلےکیے تھے۔

وزیراعظم نے کے الیکٹرک اور ایل این جی کے معاملے پر جمعرات کو دوبارہ اجلاس طلب کرلیا  ہے۔

عزیر بلوچ جے آئی ٹی کے معاملے پرکابینہ میں بریفنگ

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر علی زیدی نے عزیر بلوچ  پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کا معاملہ بھی کابینہ میں اٹھایا اور انہوں نے جے آئی ٹی کے معاملے پرکابینہ کو بریفنگ بھی دی۔

وفاقی کابینہ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس اور  نیشنل ایکری ڈیٹیشن کے کونسل کے ڈی جیز کی تقرری کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں وزیر ریلوے شیخ رشید نے عید سے قبل مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور ہوٹل کھولنےکی حمایت کی جس پر وزیراعظم نے معاملہ وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کے سپرد کردیا۔

اس موقع پر  وزیراعظم نے شہریوں سے ایک بار پھر عیدالاضحیٰ پر احتیاط کی اپیل کی کرتے ہوئے مویشی منڈیوں میں ہر صورت ضابطہ کار پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں :