Time 16 جولائی ، 2020
پاکستان

چیئرمین نیب نے کے الیکٹرک کیخلاف انکوائری کا حکم دے دیا

چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال نے عوامی شکایات اور میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کے الیکٹرک پر الزام ہے کہ اس نے غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کے ساتھ اربوں روپے کی اووربلنگ کی۔

اعلامیے کے مطابق حکومت پاکستان کے ساتھ کیے گئے معاہدے کے مطابق کے الیکٹرک نے بجلی کی پیداوار کے لیے سرمایہ کاری کرنا تھی،کے الیکٹرک پر اس معاہدے کی مبینہ طور پر مکمل پاسداری نہ کرنے کا بھی الزام ہے۔

چیئرمین نیب نے نیب کراچی کو کے الیکٹرک سے معاہدہ کی کاپی سمیت متعلقہ دستاویزات اور سرمایہ کاری کی تفصیلات حاصل کرنےکی ہدایت کردی ہے جب کہ انہوں نے  نیب کراچی کو کے الیکٹرک کے خلاف 3 ماہ میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

چیئرمین قومی احتساب بیورو کا کہنا ہے کہ نیب قانون کے مطابق ہمیشہ اپنے فرائض سر انجام دینے پر یقین رکھتا ہے،کے الیکٹرک کو اووربلنگ کی مد میں مبینہ طورپر اربوں روپے ہتھیانےکی اجازت نہیں دی جائے گی۔

چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ  نیب بلاتفریق احتساب پر یقین رکھتا ہے، نیب کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ اور معاہدے کی پاسداری نہ کرنےکی اجازت  بھی نہیں دے گا۔

مزید خبریں :