Time 24 جولائی ، 2020
سائنس و ٹیکنالوجی

کورونا وائرس کی فوری تشخیص کیلئے مشین ایجاد

مشین میں مریض ایک ٹیوب میں سانس لیتا ہے اور چند ہی سیکنڈ میں کووڈ 19 کی تشخیص کے حوالے سے نتائج سامنے آجاتے ہیں—فوٹو رائٹرز

فرانس میں کورونا وائرس کے تیز ترین ٹیسٹ کے لیے چند سیکنڈز میں نتائج دینے والی نئی مشین کا تجرباتی استعمال شروع کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فرانس کے شہر لیون کے ایک اسپتال میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کو ایک نئی مشین سے ٹیسٹ کیا جارہا ہے جس میں مریض ایک ٹیوب میں سانس لیتے ہیں اور چند ہی سیکنڈ میں کووڈ 19 کی تشخیص کے حوالے سے نتائج سامنے  آجاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں مشین کا  3 ماہ تک متعدد افراد پر تجرباتی استعمال کیا گیا جس میں 20 افراد کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ کا نتیجہ فوری طور پر مثبت آیا  جب کہ دیگر کا منفی تاہم اس کے بعد یہ مشین دوسرے مرحلے میں استعمال کی جارہی ہے۔

اس حوالے سے متعلقہ اسپتال کے نیشنل سینٹر آف سائنٹیفک ریسرچ کے ڈائریکٹر کرسٹن جارج کا کہنا تھا کہ مشین میں سانس کے مالیکیولز جاتے ہیں جس سے وائرس کے ہونے یا نہ ہونے کا فوری طور پر پتا چلتا ہے۔

دوسری جانب اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ کے سربراہ جین کرسٹوف رچرڈ نے کہا کہ اس قسم کے فوری ٹیسٹ سے ہمیں نتائج فوری معلوم ہوجائیں گے اور ہمیں فیصلہ کرنے میں آسانی ہوگی کہ مریض کو اسپتال کے کس حصے میں رکھنا ہے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ جتنی جلدی تشخیص ہوگی اتنا جلدی ہم علاج کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کا عام طور پر ہونے والا پی سی آر ٹیسٹ مریض کے لیے دشواری کا باعث بنتا ہے اور اس کا نتیجہ بھی فوری نہیں آتا۔

مزید خبریں :