کاروبار
Time 26 جولائی ، 2020

عید الاضحیٰ سے قبل سبزی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں مزے دار پکوانوں کی تیاری میں استعمال ہونے والی سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں۔

ملک کے کئی شہروں میں ادرک، لہسن ، پیاز، ٹماٹر مہنگا ہوگیا ہے جب کہ  ہری مرچ، دھنیا اور پودینے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

عید الاضحیٰ کے روایتی کھانوں کی تیاری میں استعمال ہونے والی تقریباً ہر سبزی کی قیمت 100 روپے سے اوپر ہوچکی ہے۔

کوئٹہ میں ادرک کی قیمت میں 150سے 200 روپےفی کلو تک کااضافہ ہوا ہے اور  ادرک 550 سے 600 روپےفی کلو تک میں فروخت ہورہا ہے جب کہ لہسن بھی 20 روپے اضافے کے ساتھ 220 روپے فی کلو پر دستیاب ہے۔

سبز مرچ کی قیمت میں 40روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے اور سبز مرچ کی فی کلو قیمت 160 روپے ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ  سرخ آلو کی قیمت 20 روپے کے اضافے کے ساتھ 100روپے فی کلو  ہوگئی ہے۔

دوسری جانب لاہور میں بھی سبزیوں کی قیمتیں عید قریب آتے ہی آسمان پر پہنچ گئی ہیں۔

لاہور میں ادرک 440، لیموں دیسی 150 سے 180 روپےکلو میں فروخت کیا جا رہا ہے جب کہ ٹماٹر 80 سے 110 روپے کلو میں فروخت دستیاب ہے۔

 انتظامیہ سرکاری قیمتوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام نظر آتی ہے جس کے باعث سبزیاں بھی شہریوں کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت سبزیوں اور سبز مصالحہ جات کی قیمتیں کنٹرول کرے اور مہنگی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔

مزید خبریں :