Time 27 جولائی ، 2020
پاکستان

بارش کے بعد سپر ہائے وے پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کی صورتحال انتہائی خراب

کراچی میں باران رحمت برسی تو اس نے انتظامیہ کی پول بھی کھول دی، جہاں شہر ڈوبا ہوا دکھائی دیا وہیں کراچی میں سپر ہائی وے پر  قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کی صورت حال بھی کافی خراب نظر آئی۔

سپرہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے بیوپاری پریشان ہوگئے اور منڈی میں بارش کے پانی کے ساتھ ساتھ کیچڑ کی وجہ سے بھی منڈی کی حالت ناقابل بیان ہے۔

منڈی میں نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے کئی فٹ پانی کھڑا ہے اور بیوپاری کھلے آسمان تلے خریداروں کے منتظر ہیں۔

دوسری جانب منڈی انتظامیہ کی جانب سے سکشن پمس کی مدد سے منڈی کو جلد صاف کر کے بیوپاریوں اور خریداروں کو سہولیات فراہم کرنے کا دعوی کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم شاہراہوں پر پانی جمع ہو نے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

موسلادھاربارش کے بعد شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا اور گاڑیاں بند ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا،گلستان جوہر بلاک 12 میں پانی جمع ہونے سے کھڑی گاڑیاں ڈوب گئیں جب کہ اسکیم 33 میں واقع رہائشی سوسائٹی میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا تھا۔

یونیورسٹی روڈ اور ماڈل کالونی کی سڑکوں پر بھی پانی جمع ہوگیا اور نالوں کی صفائی نہ ہونے سے کئی علاقوں میں گندا پانی سڑکوں پر آگیا تھا۔

مزید خبریں :