کھیل
Time 31 جولائی ، 2020

پی سی بی بورڈ آف گورنرز کا اجلاس، دوہری شہریت کا معاملہ زیر غور نہیں آیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز کا ویڈیو لنک پر اجلاس ہوا جس میں دوہری شہریت اورچیف ایگزیکٹو وسیم خان کے استعفے پر غور نہیں ہوا۔

ترجمان کے مطابق بورڈ میں تمام تقرریاں اور کام آئین کے مطابق ہیں، اجلاس میں سی ای او سیم خان نے پاکستانی ٹیم کی تیاریوں پر بریفنگ دی ،جاوید مرتضیٰ پی سی بی کے نئے چیف فنانشل آفیسر مقرر کردیے گئے، وہ تین اگست سے ذمے داریاں سنبھالیں گے۔

ویڈیو لنک اجلاس برطانیہ میں موجود چیئرمین احسان مانی کی صدارت میں ہوا جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان بھی شریک تھے۔

 وسیم خان نے بورڈ آف گورنرز کو ٹیم کی انگلینڈ کے خلاف سیریز کے حوالے سے بریفنگ دی۔

پی سی بی ترجمان کے مطابق یہ ایک غیر رسمی اجلاس تھا جس میں دوہری شہریت اور  وسیم خان کے استعفے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

 ترجمان کے مطابق وسیم خان کی دوہری شہریت پی سی بی آئین سے متصادم نہیں ہے اور احسان مانی پاکستان میں ٹیکس فائلر ہیں، بورڈ میں کام قانون اور آئین کے مطابق ہورہا ہے۔

اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے 30 سالہ ملازمت کا تجربہ رکھنے والے جاوید مرتضیٰ کو چیف فنانشل آفیسر مقرر کیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق جاوید مرتضیٰ ایک معروف فنانس پروفیشنل ہیں، احسان مانی نے جاوید مرتضیٰ کو پی سی بی فیملی میں خوش آمدید کہا اور بتایا کہ جاوید مرتضیٰ کے تجربے سے بورڈ کو فائدہ ہوگا۔

جاوید مرتضی تین اگست سے اپنی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔

مزید خبریں :