31 جولائی ، 2020
کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی(ایس بی سی اے) نے کمر کس لی۔
غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایس بی سی اے کا آپریشن جاری ہے اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایس بی سی اے آشکار داور نے صدر ٹاؤن میں آپریشن کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ میں کراچی کا رہنے والا ہوں، اب کوئی ڈرامے بازی برداشت نہیں کروں گا اور نہ ہی نمائشی آپریشن چلے گا بلکہ غیر قانونی عمارتیں جب تک زمین بوس نہیں ہوں گی آپریشن جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کی بھی فہرست بنالی ہے جو اینٹی کرپشن کو بھیجی جائیں گی۔
ڈی جی ایس بی سی اے نے خبردار کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کرنے والے بلڈرز بھی بازآجائیں ورنہ نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ جن عمارتوں سے متعلق کیسزہیں، ان کے لیے خود چیف جسٹس سے ملاقات کرکے قانونی معاملے پر بات کروں گا۔
آشکار داور کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور تمام مشینری میرے ساتھ ہے کیوں کہ عہدے کا چارج غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کی شرط پر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کی بھی فہرست بنالی ہے، ان کے کیسز اینٹی کرپشن کو بھیجے جائيں گے۔