Geo News
Geo News

Time 31 جولائی ، 2020
پاکستان

چمن میں مظاہرین اور حکومتی کمیٹی کے مذاکرات کامیاب، 2 ماہ سے جاری دھرنا ختم

بلوچستان کے سرحدی علاقے چمن میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی قائم کردہ کمیٹی اور آل پارٹیز تاجر اتحاد کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد 2 ماہ سے جاری دھرناختم ہوگیا۔

رکن اسمبلی اصغرخان اچکزئی کے مطابق حکومت اور دھرنا مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کے بعد سڑکیں کھول دی گئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باب دوستی میں گزشتہ روزپیش آئے واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے گا۔

صوبائی وزیرداخلہ ضیاء لانگو کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو معاوضہ دیا جائے گا،  باب دوستی پرکشیدگی کے خاتمے اور امن کی بحالی پربارڈرکھول دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ معاملات طے ہونے کے بعد دوطرفہ تجارت اور پیدل آمدروفت بحال کردی جائے گی۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان کی قائم کردہ کمیٹی صوبائی وزیرداخلہ ضیا لانگو کی قیادت میں چمن پہنچی۔

صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور دیگر اراکین کمیٹی کا ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس ہوا جس میں ایف سی کے سیکٹر کمانڈر، کمانڈنٹ چمن اسکاؤٹس اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں چمن کے گزشتہ روز کے واقعے کا جائزہ لیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چمن میں پاک افغان بارڈر 'باب دوستی' پردھرنا دینے والے مسافروں نے زبردستی سرحد عبور کرنے کی کوشش کی تھی جس دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی تھی اور اس واقعے میں 4 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے تھے۔