پاکستان
Time 31 جولائی ، 2020

باب دوستی پر افغان فورسز نے شہریوں پر فائرنگ کی جس پر پاکستان نے جواب دیا، دفتر خارجہ

گزشتہ روز چمن میں پیش آنے والے واقعے پر دفترخارجہ کا بیان بھی سامنے آگیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاک افغان سرحد 'باب دوستی ' پر افغان فورسز نے شہریوں پربلااشتعال فائرنگ کی جس پر پاکستانی فورسزنے جواب دیا۔

ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق پاکستانی فورسزنے مقامی آبادی کے تحفظ اوراپنے دفاع میں جواب دیا، پاکستانی فورسزنے پہلے فائرنگ نہیں کی، صرف اپنے دفاع میں ردعمل دیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کی وجہ سے پیدل کراسنگ کی اجازت دی گئی تھی، کراسنگ کے لیے جمع افراد پر افغان فورسز نے فائرنگ کی اور افسوسناک واقعے میں متعدد ہلاکتیں اور پاکستان کی طرف املاک کونقصان پہنچا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے صورتحال پر قابوپانےکی کوشش کی، کافی تگ و دو کے بعد افغان فورسز نے فائرنگ بند کی، افغانستان کی طرف بھی نقصان کی اطلاعات ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کیلئے پرُ عزم ہے اور  امید رکھتے ہیں کہ افغانستان پاکستان کے تعمیری جذبے کا مثبت جواب دےگا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ سرحدیں افغان حکومت کی درخواست پر ہی کھلی رکھی گئیں، پاکستان تجارتی سرگرمیوں کی روانی کے لیے منفی عناصر کی روک تھام کیلئےکام کررہا ہے۔

مزید خبریں :