Time 13 اگست ، 2020
پاکستان

کسی کو مسلم دنیا میں سعودیہ کی مرکزیت پر شبہ نہیں ہونا چاہیے، ترجمان پاک فوج

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر ناکام حملے اور دہشت گردوں کیلئے منی لانڈرنگ میں بھارت ملوث ہے، بھارت کے ہمسایوں کیخلاف جارحانہ عزائم علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے۔

ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار کا پریس بریفنگ میں کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بہترین ہیں اور بہترین رہیں گے، کسی کو مسلم دنیا میں سعودی عرب کی مرکزیت پر کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے، دنیا ایک دوسرے سے منسلک ہورہی ہے، کسی نئے بلاک میں شمولیت کا کوئی امکان نہیں ہے۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ کلبھوشن جادھو کے معاملے پر کوئی ڈیل نہیں ہوگی،کلبھوشن ایک دہشتگرد ہے جس نے پاکستانیوں کا خون بہایا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کلبھوشن جادھو کو قونصلر رسائی بین الاقوامی تقاضے پورے کرنے کے لیے دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  بھارت خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہا ہے، کسی بھی وقت یہ لاوا پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کیا جارہا ہے ، اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی اپیل کے باوجود بھارت نے کنٹرول لائن پر بزدلانہ کارروائیاں جاری رکھیں، 22جولائی کو انٹرنیشنل میڈیا نے کنٹرول لائن کا دورہ کیا، ہمارے پاس چھپانے کو کچھ نہیں اس لیے ہمیشہ یو این سمیت ہرکسی کو آزاد کشمیر جانے کی آزادی دی۔

'بھارت کے پاس 5 رافیل طیارے آجائیں یا 500 ، پاکستان کو کوئی فکر نہیں'

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارت کے پاس 5 رافیل طیارے آجائیں یا 500، پاکستان کو کوئی فکر نہیں، پاکستان تیار ہے اور پاکستان نے مقابلہ کر کے بھی دکھایا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان کو پتہ ہے کہ خطرہ کیا ہے اور اس سے کیسے نمٹنا ہے۔ پاکستان نے نئے سیاسی نقشے میں جونا گڑھ پر اپنا دعوی ظاہر کرکے ارادہ ظاہر کردیا ہے اور اب اسے آگے لے کر چلیں گے۔

'احسان اللہ احسان کو ایک آپریشن کے دوران استعمال کر رہے تھے اس دوران وہ فرار ہوا'

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مفرور دہشت گرد احسان اللہ احسان کی مبینہ آڈیو ٹیپ میں کیے گئے دعووں کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ احسان اللہ احسان کو ایک آپریشن کے دوران استعمال کر رہے تھے اس دوران وہ فرار ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ احسان اللہ احسان کے فرار کے ذمہ داروں کیخلاف تادیبی کارروائی کی جارہی ہے۔ احسان اللہ احسان سے ملنے والی معلومات سے دہشتگردی کیخلاف بہت فائدہ ہوا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج عوام کے ساتھ مل کر مادر وطن کے دفاع کے لیے تیار ہے، دشمن قوتوں کی افواج پاکستان اورعوام کے درمیان خلیج پیداکرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان اور ایران کی سرحد کے ساتھ فینسنگ کا کام جاری ہے، پاک افغان سرحد پر 1700 کلومیٹر پر فینسنگ کا کام مکمل کرلیاگیا، شمالی وزیرستان میں بارڈر فینسنگ کے دوران 70آئی ای ڈیز ناکارہ بنائی گئیں۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہاکہ پاکستانی میڈیا نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے، پاکستانی میڈیا نے دہشتگردو ں کے بیانیے کو کامیابی سے شکست دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور  پاکستان کی عوام کو سعودی عرب سے تعلقات پر فخر ہے ، سعودی عرب سے تعلقات بہترین ہیں اور رہیں گے، کسی کو مسلم دنیا میں سعودی عرب کی مرکزیت پر کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف کا دورہ سعودی عرب پہلے سے شیڈول تھا۔

مزید خبریں :