عوام کی اکثریت کورونا کے حوالے سے حکومتی کارکردگی پر مطمئن

پلس کنسلٹنٹ کے سروے کے مطابق پاکستانیوں کی اکثریت کورونا کے حوالے سے حکومتی کارکردگی سے مطمئن ہے۔

کورونا وائرس کے معاملے پر وفاقی حکومت کی کارکردگی کیسی رہی؟ اور کیا اس نے بہتر کام کیا؟

سروے میں کیے گئے اس سوال کے جواب پر 47 فیصد افراد وبا کو کنٹرول کرنے میں حکومتی کارکردگی سے خوش نظر آئے جب کہ 37 فیصد نے عدم اطمینان کا اظہار کیا اور 13 فیصد نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔

 کورونا وائرس کی وبا کے دوران عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سب سے  آگے رہی۔ 

سروے کے دوران عوام سے سوال کیا گیا کہ کس سیاسی جماعت نے کورونا کی وبا کے دوران سب سے زیادہ فلاحی کام کیا؟

پلس کنسلٹنٹ کے سروے میں 28 فیصد افراد نے تحریک انصاف کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کیا جب کہ 16 فیصد نے جماعت اسلامی، 10 فیصد نے پیپلز پارٹی تو 10 فیصد نے ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) کو فلاحی کاموں میں آگے بتایا۔

8 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ نجی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں نے اس حوالے سے بہتر کام کیا ہے جب کہ 44 فیصد کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کسی نے کام نہیں کیا۔

پلس کنسلٹنٹ نے وائرس کے پھیلاؤ اور وبا کے منفی معاشرتی اثرات کے حوالے سے بھی سوالات کیے۔

اس سوال کے جواب میں کہ 'کیا آپ کورونا سے متاثرہ کسی مریض کو ذاتی طور پر جانتے ہیں؟' پر 46 فیصد افراد نے ہاں میں جواب دیا جب کہ 54 فیصد نے کہا کہ وہ کسی مریض کو ذاتی طور پر نہیں جانتے۔

 93 فیصد افراد مستقبل میں روزگار کے حوالے سے خوفزدہ

مستقبل میں روزگار کے خطرات پر 93 فیصد افراد نے رائے دی کہ انہیں یہ خطرہ محسوس ہوتا ہے جب کہ 7 فیصد افراد کہا کہ انہیں ایسانہیں لگتا۔

کورونا کے باعث معاشی مسائل اور بے روزگاری کے سوال پر 93 فیصد افراد نے  کسی نہ کسی کے بیروزگار ہونے کا کہا جب کہ 7 فیصد افراد نے اس کے برعکس رائے دی۔

 کورونا کے دوران مالی امداد کے سوال پر 67 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ انہیں اس کی ضرورت محسوس ہوئی جب کہ 33 فیصد نے اس سے انکار کیا۔

مزید خبریں :