Time 22 اگست ، 2020
کھیل

تیسرا ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان کے سامنے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا

 بابر اعظم 11 رنز بناکر  جیمز اینڈرسن کا شکار بنے،فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر

انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کے 583 رنز کے جواب میں قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے جارہے میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر  پاکستان نے صرف 24 رنز بنائے ہیں اور  اس کی 3 وکٹیں گرچکی ہیں۔

قومی ٹیم کو پہلا نقصان 6 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب اوپنر شان مسعود4 رنز بنا کر  تجربہ کار انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کا شکار بنے۔

ان کے بعد عابد علی اور بابر اعظم بھی بالترتیب ایک اور 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنائے ہیں جب کہ کپتان اظہر علی 4 کے انفرادی اسکور پر وکٹ پر موجود ہیں۔

اس سے قبل میزبان ٹیم کے کپتان جوئے روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور انگلش ٹیم نے کپتان کا فیصلہ درست ثابت کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر  583 رنز بناڈالے جس کے بعد انگلینڈ نے اننگز ڈکلیئر کردی۔

انگلینڈ کی جانب سے زیک کرولی 267 اور جوس بٹلر 152 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی، یاسر شاہ اور فواد عالم نے 2، 2 جب کہ نسیم شاہ اور اسد شفیق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

مزید خبریں :