کھیل
Time 23 اگست ، 2020

تیسرا ٹیسٹ: انگلینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم فالو آن کا شکار

میزبان ٹیم کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے،فوٹو: آئی سی سی

انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کے 583 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 273 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے  پاکستان کو فالو آن کرایا گیا اور قومی ٹیم کو پہلی اننگز کے 310 رنز کے خسارے کا سامنا ہے، پیر کو قومی ٹیم اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرے گی۔

پاکستان کی جانب سے کپتان اظہر علی نے 141 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم رضوان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نا دے سکا۔

اظہر علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 17 ویں سینچری مکمل کرتے ہوئے ٹیسٹ کیریئر کے 6 ہزار رنز بھی مکمل کرلیے، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے چھٹے پاکستانی بلے باز ہیں۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے جارہے میچ کے تیسرے دن پاکستان نے 24 رنز 3 وکٹوں پر اننگز کا آغاز کیا تو تجربہ کار اسد شفیق ایک بار پھر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے اور 5 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کا شکار ہوگئے جب کہ فواد عالم بھی 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کپتان اظہر علی اور محمد رضوان نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور چھٹی وکٹ پر 138 رنز کی شراکت قائم کی تاہم محمد رضوان 53 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

رضوان کے بعد پاکستان کی وکٹیں سوکھے پتوں کی طرح جھڑگئیں اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

 میزبان ٹیم کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے 5 جب کہ کرس براڈ نے 2  جب کہ ووکس اور بیس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنائے تھے اور شان مسعود ، عابد علی اور بابر اعظم تجربہ کار انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کے جال میں پھنس گئے تھے۔

اس سے قبل میزبان ٹیم کے کپتان جوئے روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور انگلش ٹیم نے کپتان کا فیصلہ درست ثابت کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 583 رنز بناڈالے جس کے بعد انگلینڈ نے اننگز ڈکلیئر کردی۔

انگلینڈ کی جانب سے زیک کرولی 267 اور جوس بٹلر 152 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی، یاسر شاہ اور فواد عالم نے 2، 2 جب کہ نسیم شاہ اور اسد شفیق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

مزید خبریں :