Time 31 اگست ، 2020
پاکستان

کراچی: ڈیفنس، کلفٹن میں چار روز بعد بھی بجلی بحال نہ ہونے پر احتجاج

کراچی میں بارشوں کے 4 روز بعد بھی کلفٹن اور ڈیفنس کے مختلف علاقوں میں بجلی بحال نہ ہو سکی،کلفٹن کے رہائشیوں کی جانب سے بجلی کی مسلسل بندش کے خلاف مظاہرہ کیا گیا اور اس دوران ایک شخص آگ کی لپٹ میں آگیا۔

کراچی میں سپر مون سون کو گزرے چوتھا روز شروع ہو گیا ہے، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی اب تک بحال نہیں  ہو سکی ہے۔

ڈیفنس کے کچھ علاقوں میں گزشتہ رات بجلی بحال ہو گئی تھی تاہم ڈیفنس 26 اسٹریٹ اور ڈیفنس فیز 6 سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے۔

دوسری جانب سرجانی ٹاؤن کے مختلف علاقوں اور کھارادر میں بھی بجلی کی فراہمی تاحال بحال نہیں ہو سکی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بخاری کمرشل، اتحاد کمرشل، خیابان شہباز  اور 26 اسٹریٹ میں پانی موجود ہے جس کے باعث 5 فیڈرز پر اب تک بجلی بحالی نہیں ہو سکی ہے۔

دورانِ احتجاج ٹائر جلاتے وقت نوجوان آگ کی لپیٹ میں آگیا

کلفٹن بلاک 4 اور 8 میں بجلی کی مسلسل بندش کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے کے الیکٹرک اور کلفٹن کنٹونمنٹ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

احتجاج کے دوران مظاہرین نے ٹائر جلا کر شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا جب کہ اس دوران ٹائر جلانے  والا ایک نوجوان آگ کی لپیٹ میں آگیا تاہم وہاں موجود دیگر افراد نے آگ بجھا کر نوجوان کو اسپتال روانہ کر دیا۔

مزید خبریں :