Time 02 ستمبر ، 2020
پاکستان

کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے دفتر کے باہر مظاہرہ کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج

کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کے دفتر کے باہر مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمہ  سی بی سی دفتر میں  ہنگامی آرائی اور دھمکیاں دینے سمیت دیگر دفعات کے تحت درخشاں تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

 مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ 31 اگست کو دوپہر 12 بجے 40 سے 50 افراد دفتر کے باہر احتجاج کرنے آئے ،احتجاج کرنے والوں کے ساتھ 30 سے زائد شر پسند افراد بھی  تھے۔

رپورٹ کے مطابق شر پسند عناصر نے گیٹ پر موجود گارڈز سے ہاتھا پائی کی اور مشتعل افراد نے زبردستی دفتر میں گھس کر توڑ پھوڑ بھی کی، پولیس کے مطابق مقدمے میں شامل افراد کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

 مقدمے کے اندراج پر ڈیفنس کلفٹن کے مکینوں کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنا ان کا بنیادی حق ہے، مقدمے کا اندراج انہیں ڈرانے کی کوشش ہے۔ 

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں بارش کے پانی میں گھرے ڈيفنس اور کلفٹن کے رہائشیوں کا صبر جواب دے گیا تھا جس کے بعد انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے دفتر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی تھی۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا تھا کہ کلفٹن کنٹونمنٹ انتظامیہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائے اور فلڈ ریلیف کے نام پرلیے گئے ٹیکس کا آڈٹ اور احتساب کیا جائے، اس کے علاوہ مظاہرین نے پانی کی نکاسی اور سڑکوں کی از سر نو تعمیرکا بھی مطالبہ کیا تھا۔

2سے 3 دن میں متاثرہ علاقوں کوکلئیرکردیں گے: سی ای او کلفٹن کنٹونمنٹ

دوسری جانب مذکورہ کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی حدود میں  واقع مختلف علاقوں میں تاحال بارش کا پانی موجود ہے ۔

اس حوالے سے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلیم وٹو کا کہنا ہے کہ ڈیفنس سے پانی کی نکاسی مشکل مرحلہ ہے، دو سے تین دن میں متاثرہ علاقوں کو کلئیر کردیں گے۔

سلیم وٹو کے مطابق حالیہ بارشیں قدرتی آفت تھیں، شہریوں کے نقصانات کا ازالہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں کریں گی، فالٹ لائنز کی درستگی کے لیے ماہرین سے مشاورت شروع کردی ہے۔

مزید خبریں :