Time 10 ستمبر ، 2020
پاکستان

’5 سالہ مروہ شام 7 بجے چیز لینے نکلی، واپس نہ آئی تو دادی نے تلاش شروع کی‘

کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری میں 5 سالہ بچی مروہ سے زیادتی و قتل کی واردات کی تفصیلی رپورٹ تیار کرکے اعلیٰ حکام کو پیش کردی گئی۔

رپورٹ کے مطابق4 ستمبر کو  5 سالہ مروہ اپنے گھر سےشام 7 بجے چیز  لینے نکلی،  دکان گھر سے صرف 15 سے 20 قدم دور ہے، 10 منٹ کے اندر مروہ واپس نہ آئی تو دادی نے تلاش شروع کردی۔

پولیس کے مطابق مروہ کو گھر سے نکلنے کے 10 منٹ کے اندر اغوا کرلیا گیا تھا، میڈیکل رپورٹ کے مطابق اسے فوری زیادتی کا نشانہ بنایاگیا اور قتل کردیاگیا، قتل کرنے کے بعد اس کی لاش بوری میں ڈال دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزم نواز کا گھر مروہ کے بالکل پڑوس میں ہے، مروہ کے اغوا کے بعد اس نے اپنا گھر بھی دھویا اور نواز ہی وہ آدمی تھا جسے محلے کے دو افراد نے خالی پلاٹ سے نکلتے دیکھا، اس کے کپڑوں پر خون کے دھبے تھے جب کہ نواز نے ہی مروہ کی لاش کی اطلاع دی۔

 ملزم نواز کا اس پلاٹ سے نکلنا مشکوک تھا، مروہ کو زیادتی کا نشانہ کہیں اور بنایا گیا جب کہ لاش خالی پلاٹ پر لاکر پھینکی گئی، مروہ کے اغوا اور لاش ملنے میں کم از کم 30 سے 32 گھنٹوں کا وقفہ تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاش گرمی اور بوری میں بند ہونے کی وجہ سے مسخ ہوئی، ڈی این اے ٹیسٹ کا انتظار کیا جارہا ہے تاکہ نواز کا چالان کیا جاسکے۔

مزید خبریں :