Time 16 ستمبر ، 2020
پاکستان

موٹر وے زیادتی کیس: 7 روز بعد بھی مرکزی ملزم عابد شکنجے میں نہ آسکا

 موٹروے پر زیادتی کے واقعے کو 7 روز ہوچکے ہیں اس کے باجود کیس کا مرکزی ملزم عابد تاحال مفرور ہے اور اب تک پولیس کی گرفت میں نہیں آسکا۔

کیس کےمرکزی ملزم عابد کی تلاش کےلیے پولیس کی کوششیں جاری ہیں اور مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں تاہم ملزم ابھی تک پولیس کی پہنچ سے دور ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ موٹر وے زیادتی کیس کے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے جب کہ دوسرا بھی جلد گرفتار ہوگا۔

خیال رہےکہ ملزم عابد فورٹ عباس بہاولنگر کا رہنے والاہے اور حکام کے مطابق عابد کا ڈی این اے بھی میچ ہوچکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملزم عابد اشتہاری مجرم ہے اور اس نے 2013 میں بھی خاتون اور اس کی بیٹی سے زیادتی کے بعد متاثرہ خاندان سے صلح کر لی تھی لیکن جرائم سے باز نہ آیا تو علاقے سے نکال دیا گیا۔

2013 سے2017 تک زیادتی اور ڈکیتی سمیت دیگر جرائم کے 8 پرچے کٹے اور 8 سال میں کئی مرتبہ گرفتار ہوا مگر ضمانت پر رہا ہو گیا، وہ آخری بار 8 اگست 2020 کو گرفتار ہوا مگر چند دنوں بعد ہی اس کی ضمانت ہوگئی۔

دوسری جانب کیس کے شریک ملزم شفقت کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل منتقل کردیا گیا ہے۔

ملزم شفقت کو پولیس نے اتوار کے روز  دیپال پور سے گرفتار کیا تھا، پولیس حراست میں ملزم نے اپنے جرم کااعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ  واردات کی رات گاڑی کو سڑک کنارے کھڑا دیکھا تو عابد نے پہلے اس کا شیشہ توڑا اور پھر دونوں نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا،گاڑی کا شیشہ توڑنے سے عابد کا ہاتھ بھی زخمی ہوا۔

ملزم شفقت کا ڈی این اے بھی خاتون سے ملے ڈی این اے کے نمونوں سے میچ کرگیا ہے۔

شفقت کے بارے میں پولیس کے سامنے خود پیش ہونے والے گوجرانوالہ کے رہائشی وقار الحسن نے معلومات دی تھیں اور پولیس ذرائع کے مطابق وقار الحسن خاتون سے زيادتی میں ملوث نہیں، وقار کی تصاویر واٹس ایپ کے ذریعے متاثرہ خاتون کو بھیجی گئیں تو انہوں نے بھی وقار کو نہیں پہچانا۔

واضح رہے کہ 9ستمبر  کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے گجر پورہ کے قریب موٹر وے پر خاتون کو اس کے بچوں کے سامنے تشدد اور  اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق  پیٹرول ختم ہونے کے باعث خاتون کی گاڑی بند ہوگئی تھی اور وہ  اپنے شوہر کے آنے کا انتظار کررہی تھی جب کہ اس نے موٹر وے پولیس سے بھی مدد طلب کی تھی تاہم اسے کوئی مدد نہ مل سکی۔

مزید خبریں :