Can't connect right now! retry

دنیا
22 ستمبر ، 2020

عالمی تنازعات ختم کرکے ہی کورونا کے خاتمے پر دھیان دے سکتے ہیں، انتونیو گوتریس

کورونا کے حوالے سے دنیا کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے،انتونیو گوتریس— فوٹو: یو این او

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ دنیا کے ممالک سرد جنگ اور تنازعات ختم کر کے ہی کورونا وبا کے خاتمے پر دھیان دے سکتے ہیں۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے چین اور امریکا کا نام لیے بغیر کہا کہ دنیا کے تمام ممالک کو سرد جنگ اور تنازعات سے ہر ممکن طور پر بچنا ہوگا۔

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ  ہم خطرناک سمت میں جارہے ہیں، موجودہ صورت حال میں  دو بڑی طاقتور معیشتوں کی جانب سے دنیا کو تقسیم کر دیا جائے، دنیا اس کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں برس کے اختتام تک عالمی تنازعات ختم کرنے کے لیے سلامتی کونسل کی سربراہی میں بین الاقوامی کوششیں بڑھائی جانی چاہئیں۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ کورونا کے حوالے سے دنیا کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، ابھی اس وبا کے حوالے سے مزید چیلنجز  آنا باقی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  بہت سے ممالک کورونا کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، اقوام متحدہ کے تمام 193 ممبر ریاستیں انسانیت کے لیے آگے آئیں اور اس حوالے سے متحدہ ہو کر مقابلہ کریں، ہمیں سائنس کی رہنمائی میں حقیقت پسندانہ کردار  اپنانا ہوگا۔

انتونیو گوتریس  کا مزید کہنا تھا کہ اس عالمی وبا نے دنیا بھر میں عدم مساوات کو بے نقاب کردیا ہے اور عالمی سطح پر صحت کے بحران سمیت بڑے معاشی نقصان اور بے روزگاری کو جنم دیا ہے  جب کہ  انسانی حقوق کو  بھی شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چیلینجز سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی تاکہ دنیا کو بہتر جگہ بنایا جاسکے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جنرل اسمبلی کا سالانہ اجلاس بھی ایس او پیز کے ساتھ ہورہا ہے اور سربراہان مملک اس اجلاس میں شریک نہیں ہیں البتہ سربراہان مملکت پہلے سے ریکارڈ شدہ اپنا خطاب بھیج سکتے ہیں جنہیں جنرل اسمبلی اجلاس میں نشر کیا جائے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ ، ترک صدر طیب اردگان جنرل اسمبلی سے ورچوئل خطاب کرچکے ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان کا خطاب 25 ستمبر کو نشر کیا جائے گا۔

مزید خبریں :

Notification Management


پاکستان
دنیا
کاروبار
کھیل
انٹرٹینمنٹ
صحت و سائنس
دلچسپ و عجیب

ڈیسک ٹاپ نوٹیفکیشن کے لیے سبسکرائب کریں
Powered by IMM