کاروبار
Time 24 ستمبر ، 2020

بجلی مہنگی کرکے صارفین پر 164 ارب 87کروڑ روپے کا بوجھ منتقل کرنے کی منظوری

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)  نے بجلی مہنگی کرکے صارفین پر 164 ارب 87کروڑ روپے کا بوجھ منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔

وفاقی حکومت سے منظوری کی صورت میں فی یونٹ بجلی ایک روپے 62 پیسے مہنگی ہو جائے گی۔

نیپرا کی طرف سے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری گزشتہ مالی سال کی دو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں دی گئی ہے۔

نیپرا نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواستوں پر سماعت کے بعد فیصلہ جاری کر دیا۔ نیپرا فیصلے کے مطابق گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے صارفین پر 73 ارب 6کروڑ روپے جبکہ تیسری سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 91 ارب 80کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔

بجلی کی قیمت میں اضافہ اکتوبر سے دسمبر 2019 اور جنوری سے مارچ کی دو سہ ماہیوں کی ایڈجسٹمنٹ کی درخواستوں پر کیا گیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت سے منظوری کی صورت میں صارفین سے یہ رقم 12ماہ میں وصول کی جائے۔

 فیصلے کا اطلاق ماہانہ 50 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین اور کے الیکٹرک کے صارفین پر نہیں ہوگا۔ 

مزید خبریں :