کراچی میں گیس سلینڈر والی اسکول وینز اور دیگر گاڑیوں کے خلاف کارروائی

فوٹو: بشکریہ جیو نیوز

حیدر آباد سے کراچی آتے ہوئے موٹر وے ایم نائن پر حادثے کے بعد مسافر وین میں آتشزدگی کے واقعہ میں جانی نقصان کے بعد کراچی میں سیلنڈر نصب کمرشل گاڑیوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی جانب سے غیر معمولی مہم شروع کی گئی ہے۔

اب تک سینکڑوں اسکول وین، بسوں اور کمرشل گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جاچکی ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ 

سی این جی اور ایل پی جی گیس کے سلنڈر رکھنے والی اسکول وینز اور انٹر سٹی بسوں کو خاص طور پر چیک کیا جا رہا ہے جب کہ ان کمرشل گاڑیوں کی بھی پکڑ دھکڑ کی جا رہی ہے جن میں سی این جی یا ایل پی جی گیس سیلنڈر نصب ہیں۔ 

ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق ضبط کی گئی بیشتر گاڑیوں کو کراچی جنوبی کے ریڈ زون میں گورنر ہاؤس کے قریب دین محمد وفائی روڈ پر وائی ایم سی اے گراؤنڈ میں رکھا جا رہا ہے۔

ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں پورے کراچی میں مہم زوروں پر ہے، اس سلسلے میں عدالت کی جانب سے بھی احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق مختلف حادثات میں جانی نقصان کے بعد پولیس مختلف اوقات میں اس طرح کی مہم چلاتی رہتی ہے،کسی بھی اسکول وین، مسافر بسوں اور کنٹریکٹ گاڑیوں میں سی این جی یا ایل پی جی سلنڈر لگانا غیر قانونی ہے۔ ایسی تمام گاڑیوں سے سیلنڈر نکالے جا رہے ہیں اور گاڑیوں کے چالان کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ڈرائیورز کو بھاری جرمانے بھی کیے جا رہے ہیں۔ 

دوسری طرف اس اچانک مہم کی وجہ سے اسکولوں میں موجود بچوں کو گھر واپس جانے کے لیے شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل حیدرآباد سے کراچی آتے ہوئے ایک کوسٹر کو حادثے کے بعد آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں اب تک 17 مسافر  جاں بحق ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :