12 اکتوبر ، 2020
خیرپور میں پسند کی شادی کرنے والی دو بہنوں نے الزام لگایا ہےکہ جرگے نے انہیں شوہروں سمیت قتل کرنے کا حکم سنادیا ہے۔
متاثرہ بہنوں نے ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا ہےکہ خیرپور کے گوٹھ خاوند ملاح میں وڈیرے نے جرگہ کرکے پسند کی شادی کرنے پر انھیں شوہروں سمیت قتل کا حکم سنایا ہے، جب کہ 40،40 لاکھ روپے جرمانہ اور خاوند کے خاندان کی 2 لڑکیوں کی زبردستی شادی کا بھی حکم دیا ہے۔
خواتین نے اعلیٰ حکام سے تحفظ فراہم کرنے کامطالبہ کرتے ہوئےکہا ہےکہ ہماری مدد کرنے والوں کے گھر اور فصلوں کو نقصان پہنچایاگیا ہے، ہم نے پسند سے شادی کی ہے، تحفظ دیا جائے۔
دوسری جانب سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(ایس ایس پی) امیرسعود کے مطابق لڑکیوں کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، متاثرہ لڑکیاں درخواست دیں تاکہ ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ایس ایس پی امیر سعود کا یہ بھی کہنا تھاکہ ابتدائی تفتیش میں جرگے کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔