پاکستان
Time 15 اکتوبر ، 2020

گندم اور چینی کے بحران کی اصل وجہ حکومت کی اپنی غلطیاں بھی ہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہےکہ گندم اور چینی کے بحران کی اصل وجہ حکومت کی اپنی غلطیاں بھی ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام 'کیپیٹل ٹاک' میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ  وفاقی ادارہ شماریات نے حکومت کو غلط اعدادوشمار دےکرکہاکہ گندم اور چینی کی پیداوار ہماری ضرورت سے زیادہ ہے لہٰذا اسے برآمد کر دیا جائے۔

وفاقی وزیرکے مطابق حکومت نے برآمد تو کر دی لیکن اب ہمیں گندم اور چینی کی قلت کا سامنا ہے، ڈیٹاکی غلطی کی وجہ سےگندم اورچینی کی برآمدات کافیصلہ کیاگیا۔

 انہوں نےکہاکہ گندم اور چینی کے بحران کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے، عمران خان سے زیادہ مہنگائی پرکسی کوتشویش نہیں ہے، وزیراعظم کوسخت احتساب کاعمل شروع کرنا چاہیے۔

اپوزیشن کے جلسوں کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ طویل مدت بعد ایسا ماحول بنا ہےکہ حکومت اپوزیشن کےجلسوں میں مداخلت نہیں کر رہی، حکومت نے جلسہ روکنے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی لیکن جہاں کورونا کے ضابطہ کار (ایس او پیز) کی خلاف ورزی ہوگی وہاں توکارروائی ہوگی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہماری سیاست نہ کرنےکانتیجہ ہےکہ ن لیگ ابھی تک قائم ہے، یہ تاثردیناچاہتے ہیں کہ ہمارے خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں، قومی احتساب بیورو (نیب) کے کیسز سے حکومت کاکوئی تعلق نہیں ہے۔

مزید خبریں :