Time 21 اکتوبر ، 2020
پاکستان

وفاقی وزیر نےکہا صفدر پر ایف آئی آر نہ ہوئی تو ایسی کی تیسی کر دینگے، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انکشاف کیا ہےکہ ایک وفاقی وزیر نے الٹی میٹم دیا تھاکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہوئی تو ایسی کی تیسی کر دیں گے۔

سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ کراچی واقعے پر بڑی باتیں ہوئیں کہ تمہاری حکومت ختم ہوجائے گی، میں  نے بھی واضح کردیا کہ مہمان کی عزت ہماری عزت ہے اور حکومت عزت سے بڑھ کر نہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں سب سامنے آجائے گا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری میں کس کاکیا کردار ہے ؟

انہوں نے انکشاف کیاکہ ایک وفاقی وزیر نے الٹی میٹم دیا کہ ایف آئی آر درج نہیں ہوئی تو ایسی کی تیسی کردیں گے،کیا سندھ حکومت وفاقی حکومت کی کالونی ہے؟ ایک مفرور آدمی کو لے کر آئے، پولیس پر دباؤ ڈال کر جعلی مقدمہ درج کرایا گیا، ساری دنیا کو پتا ہے کہ کیا ہواہے ۔

مراد علی شاہ کاکہنا تھاکہ مہمان کی گرفتاری پر پوری سندھ دھرتی شرمندہ ہے، گزشتہ دو دنوں میں بہت کچھ ہوا، ہم بتانا چاہتے ہیں کہ مہمان ہماری عزت ہے اور عزت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

مزید خبریں :