جیونیوز نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی گرفتاری کی ویڈیو حاصل کرلی

کراچی: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی گرفتاری کی ویڈیو جیونیوز نے حاصل کرلی۔

ویڈیو فوٹیج کے مطابق کیپٹن صفدر کی گرفتاری کا آپریشن 46 منٹ جاری رہا، صبح 6 بج کر 8 منٹ پر ہوٹل میں پولیس کی 2 موبائلیں داخل ہوئیں۔

فوٹیج کے مطابق 6 بجکر 46 منٹ پر پولیس ٹیم 15 ویں فلور پر مریم نواز کے کمرے کے باہر پہنچ گئی اور مریم نواز کے کمرے کے باہر سیاہ لباس اور جوگرز پہنا شخص فون پرہدایات لیتا رہا جب کہ  6 بجکر 48 منٹ پر اہلکار دروازہ توڑ کر کمرے میں داخل ہوئے اور  6 بجکر 50 منٹ پر کیپٹن صفدر کو کمرے سے باہر نکال کر حراست میں لیا گیا۔

ویڈیو فوٹیج کے مطابق لفٹ اور لابی میں سادہ لباس میں ایک شخص کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ویڈیو بناتا رہا۔

کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کا پسِ منظر

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے 18 اکتوبر کو کراچی کے باغ جناح میں جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکت کیلئے ن لیگ کا وفد مریم نواز کی قیادت میں 18 اکتوبر کی صبح کراچی پہنچا جس میں کیپٹن (ر) صفدر بھی موجود تھے۔

ن لیگ کا وفد مزار قائد گیا جہاں مریم اور دیگر رہنماؤں نے قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر کیپٹن (ر) صفدر نے ’ووٹ کو عزت دو‘ اور ’مادر ملت زندہ باد‘ کے نعرے لگوادیے جس پر تحریک انصاف کے رہنماؤں نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

18 اکتوبر کو پی ڈی ایم کے جلسے کے بعد 19 اکتوبر کی علی الصبح سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو سندھ پولیس نے مزارِ قائد کا تقدس پامال کرنے کے مقدمے میں کراچی کے نجی ہوٹل سے گرفتار کیا جنہیں بعدازاں مقامی عدالت نے ضمانت پر رہا کردیا تھا۔

مزید خبریں :