31 اکتوبر ، 2020
لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید کاکہنا ہےکہ ڈھائی سال میں ایاز صادق کو بولتے نہیں دیکھا اور اب سب کچھ نوازشریف اور مریم نواز کے اشارے پر ہورہا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ (ن) لیگ کی طرف سے جو کچھ بھی کہا جارہا ہے وہ غیر ملکی ایجنڈا ہے، ہم نے ملک کو آگے لے کر چلنا ہے، اگر سیاست سے لڑائی کرنی ہے تو عمران خان میدان میں ہیں لیکن سیاست سے لڑائی آپ کا حق ہے، ریاست سے لڑائی آپ کا حق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتشار اور خلفشار سے ایسا نہ ہو کہ سیاسی قوتوں کو نقصان اٹھانا پڑے، ریاست سے لڑائی کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں۔
وزیر ریلوے کاکہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آئی کہ نوازشریف نے ایازصادق کو کیوں میدان میں اتارا، ڈھائی سال میں ایاز صادق کو بولتے نہیں دیکھا، اب سب کچھ نوازشریف اور مریم نواز کے اشارے پر ہورہا ہے، ایاز صادق کے بیان پر پاکستان کے دشمن شادیانے بجا رہے ہیں، ساری (ن) لیگ نہیں بول رہی بس وہی بول رہے ہیں جن کے خلاف نیب کےکیس ہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ نوازشریف اور مریم نے جو بودیا ہے اس سے سیاست میں ان کے لیے مشکلات اور ناممکنات ہوگئی ہیں، پیپلزپارٹی نے بہتر سیاست کھیلی ہے جب کہ مولانا فضل الرحمان کے پاس دینی مدارس کی طاقت موجود ہے، سیاست جس دوراہے میں داخل ہورہی ہے اس کے نتیجے کچھ بھی نکل سکتے ہیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ملک مارشل لاء کی طرف نہیں جارہا اور عمران خان بھی کہیں نہیں جارہے، ڈائیلاگ اور مذاکرات سیاسی جماعتوں میں ہوتے ہیں، سیاست میں ڈائیلاگ کے دروازے کبھی بند نہیں کرنے چاہیئں اور عمران خان نے ڈائیلاگ سے انکار نہیں کیا، اگر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ مل سکتے ہیں تو کوئی اور کیوں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایاز صادق کے بیان سے فوج میں غم و غصہ پایا جاتاہے، سیاست دانوں کو عقل کے ناخن لینے چاہیئں۔