یاسر حسین کا بھوتوں کے ساتھ تجربہ کیسا رہا؟

ایسے غیر معمولی خوفناک واقعات میری زندگی میں پیش آتے رہے ہیں لیکن میں نےکبھی ان واقعات سے خوف محسوس نہیں کیا۔یاسر حسین— فائل :فوٹو

کرہ ارض پر بھوتوں کی حقیقت ہے یا نہیں اس حوالے سے متضاد رائے پائی جاتی ہے۔

ہم نہیں جانتے کہ آپ کی اس بارے میں کیا رائے ہے؟ لیکن اتنا ضرور جانتے ہیں کہ اداکار و میزبان یاسر حسین اپنی زندگی میں بھوتوں کے ساتھ رہنے کا تجربہ ایک نہیں دوبار کرچکے ہیں۔

مقامی میڈیا سے کی گئی حالیہ گفتگو کے دوران یاسر حسین نے بھوتوں کے ساتھ رہنے کا اپنا تجربہ شیئر کیا۔

اداکار نے بتایا کہ ’جب میں دو بیڈروم پر مشتمل ایک اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھا تب ایک بیڈروم میرے اور دوسرا بیڈروم مافوق الفطرت ضعیف شخص کے زیر استعمال تھا۔

یاسر کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں جانتا کہ وہ کون تھے لیکن انہوں نے کبھی مجھے پریشان نہیں کیا، صبح سویرے فجر کی اذان کے بعد وہ لاؤنج میں تشریف لاتے اور فجر کی نماز اداکرتے تھے اور جب میرے دوست آنا شروع ہوتے تو وہ اٹھ کر کچن میں چلے جاتے اور برتنوں کو استعمال کرنا شروع کردیتے اور جب میں آواز لگاتا کہ میرے دوست جاچکے ہیں تو برتنوں کی آواز آنا بند ہوجاتی تھی‘۔

یاسر کہتے ہیں کہ مجھے کبھی ان سے خوف محسوس نہیں ہوا لیکن میرے دوست ضرور خوفزدہ ہوا کرتے تھے۔

یاسر نے دوران گفتگو اسی حوالے سے ایک اور تجربہ شیئر کرتے ہوئے نجی ٹی وی چینل سے نشر کیے جانے والے ڈرامے ’دریچے‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والا واقعہ بیان کیا۔

یاسر نے بتایا کہ جب وہ ڈراؤنے ڈرامے ’دریچے‘ کی شوٹنگ کے لیے کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں واقع ایک گھر میں موجود تھے، تب ایک دن شوٹنگ اچانک سے رک گئی اور چیزیں ایک جگہ سے دوسری جگہ خود بخود حرکت کرنے لگیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’اس کے بعد ایک دن گھر کی مالک آئیں اور اسٹاف سے کہا کہ شوٹنگ کے دوران ا س کے بچے کی بھی دیکھ بھال کی جائے، اسٹاف کے بچے سے متعلق پوچھنے پر عورت نے بتایا کہ وہ گھر کے اندر ہی رہتا ہے‘۔

یاسر بتاتے ہیں کہ ہمیں بعد میں پتا چلا کہ کسی شخص نے اس گھر میں خودکشی کرلی تھی جس کے بعد وہ عورت گھر کرائے پر دے کر چلی گئی تھی۔

یاسر کا کہنا ہےکہ ایسے غیر معمولی واقعات میری زندگی میں پیش آتے رہے ہیں لیکن میں نےکبھی ان واقعات سے خوف محسوس نہیں کیا۔

مزید خبریں :