دنیا
Time 09 نومبر ، 2020

کورونا کی ویکسین تیاری کے انتہائی قریب، ٹرمپ بھی خوشی سے نہال

امریکی دوا ساز ادارے فائزر نے دعویٰ کیا ہےکہ اس کی تیارکی گئی کورونا وائرس کی ویکسین 90 فیصد تک مؤثر ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق فائزر نے دعویٰ کیا ہے جرمن دواساز ادارے بائیون ٹیک کے ساتھ مشترکہ طور پر تیارکی گئی ویکسین اپنے تیسرے آزمائشی مرحلے میں کوروناکو روکنے میں 90 فیصد تک مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق مریضوں کو 4 ہفتوں کے دوران آزمائشی ویکیسن کی 2 خوراکیں دی گئیں اور دوسری خوراک کے ایک ہفتے بعد ویکسین نےکورونا کے خلاف تحفظ فراہم کرنا شروع کیا۔

فائزر کے چیئرمین البرٹ بورلا نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ  تیسرے آزمائشی مرحلے کے پہلے حصے میں آنے والے نتائج سے ظاہر ہوتا ہےکہ ہماری ویکسین کوروناکو روکنےکی صلاحیت رکھتی ہے۔

 امریکی دوا ساز ادارے کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر کیے گئےکلینکل ٹرائل کے نتائج بہت کامیاب رہے ہیں اور ابھی تک کورونا ویکسین کے تجربات میں کوئی تشویش ناک بات سامنے نہیں آئی، ویکسین کے رواں ماہ میں ہنگامی بنیادوں پر استعمال کےلیے امریکی حکومت کی اجازت کے منتظر ہیں۔

ویکسین جلد آرہی ہے، ٹرمپ کا اعلان

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ویکسین کے حوالے سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا ویکسین جلد آرہی ہے اور اطلاعات ہیں کہ یہ ویکسین 90 فیصد تک مؤثر ہے، یہ ایک بہت بڑی خبر ہے جس سے اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی آئی ہے۔

کورونا ویکسین کی تیاری میں مبینہ کامیابی کے بعد امریکا سمیت عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے جب کہ امریکی خام تیل کی قدر میں بھی 8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

خیال رہےکہ رواں برس مئی میں  فائزر نےکہا تھا کہ اگر حالات ٹھیک رہے اور ویکسین کی افادیت ثابت ہوئی تو وہ اکتوبر کے آخر تک ویکسین سامنے لانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ 

واضح رہےکہ دسمبر 2019 میں چین میں سامنے آنے والی کورونا وبا اب تک پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے اور اس سے اب تک  5 کروڑ 87 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جب کہ 12 لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

امریکا کورونا وائرس سے دنیا کا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔

 دنیا بھر میں 100سے زائد تحقیقاتی ادارے کورونا وائرس کی ویکسین تیارکرنے میں مصروف ہیں تاہم فی الحال کوئی حتمی علاج دریافت نہیں ہوسکا ہے۔

مزید خبریں :