Time 10 نومبر ، 2020
پاکستان

کورونا کی ویکسین سے متعلق خوشیاں منانا قبل از وقت ہے: ڈاکٹر عطاء الرحمان

فائل فوٹو: ڈاکٹر عطاء الرحمان

کورونا وائرس ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا ہےکہ  کووڈ 19 کی ویکسین سے متعلق خوشیاں منانا قبل از وقت ہے۔

جیونیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سربراہ ٹاسک فورس کووڈ 19 ڈاکٹر عطاء الرحمان نے کہا کہ کووڈ 19 کی ویکسین سے متعلق خوشیاں منانا قبل از وقت ہے، ابھی ویکسین کا اپروول نہیں ہوا جس میں 2 ماہ لگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس ویکسین کو منفی 80 ڈگری پر رکھنا ہوگا اور پاکستان سمیت تیسری دنیا میں منفی 80 ڈگری پر ٹرانسپورٹیشن موجود نہیں جب کہ ویکسین کا اثر کتنی دیر قائم رہے گا، دو ماہ یا تین ماہ یہ بھی پتا نہیں۔

ڈاکٹر عطاء الرحمان کا کہنا تھا کہ ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری اور قیمت یہ بھی ایک مسئلہ ہے البتہ چینی کمپنی نے بھی ویکسین تیار کی ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی ویکسین کے کلینیکل تجربات کامیاب ہوچکے ہیں اور اسے منفی 80 ڈگری ٹرانسپورٹیشن کی بھی ضرورت نہیں لہٰذا چینی کمپنی کی ویکسین پاکستان کے لیے بہتر ہے اور کمپنی نے کامیابی پر زیادہ شور شرابا نہیں کیا۔

واضح رہےکہ امریکی دوا ساز ادارے کے بعد روس نے بھی کورونا کی مؤثر ویکسین بنانے کا دعویٰ کیا ہے اور روسی وزارت صحت کے زیر انتظام ایک تحقیقی ادارے کے ڈائریکٹر اوسکانا ڈراپکینا نے کہا ہےکہ 'اسپوٹنک V' ویکسین کورونا کے خلاف 90 فیصد سے زائد مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

اوسکانا ڈراپکینا کا کہنا ہے کہ وہ ویکسین کی آزمائش کے نتائج پر نظر رکھے ہوئے ہیں، یہ اچھی خبر ہے کہ اس کے نتائج 90 فیصد سے زائد مثبت ہیں۔

مزید خبریں :