Time 22 نومبر ، 2020
پاکستان

پی ڈی ایم کا پشاور میں جلسہ: وفاقی وزرا اپوزیشن پر برس پڑے

فائل :فوٹو

حکومتی اجازت نہ ملنے کے باوجود پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے پشاور میں جلسہ کرنے پر وفاقی وزراء پی ڈی ایم قیادت پر برس پڑے۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود جلسے ہونا قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے، جبکہ کورونا کے شدید خطرات میں عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگانا سیاسی سفاکی اور ظلم ہے، معمولی سیاسی فائدے کیلئے بے گناہ انسانوں اور کارکنان کی زندگیوں سے کھیلنا مفاد پرست سیاسی ٹولے کی ذہنیت بے نقاب کرتا ہے۔

ایک اور ٹوئٹ میں وفاقی وزیر شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ پیمرا کو عوام کی صحت کیلیے خطرناک سرگرمی نشرکرنےکی اجازت نہیں دینی چاہیے،کرپشن کے کورونا سے عوام حساب لیں گے۔

وفاقی وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ اپوزیشن اپنے دو کلوگوشت کے لیے پوری گائے ذبح کرنا چاہتی ہے، نادانوں اگر بیماری پھیلتی ہے اور لوگوں کی زندگیاں داؤ پر لگتی ہیں تو کاہے کی سیاست؟ سیاست، اقتدار زندگی کے ساتھ ہیں، اگر زندگی ہی چیلنج ہو جائے تو سیاست کیا ہونی ہے، اپنی حکمت عملی بدلیں، اگرجلسوں کا زیادہ شوق ہے ورچوئل جلسےکر لیں۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ عوام جعلسازوں کو پہچان لیں جو بغض عمران میں ہر حد پھلانگنے کے درپے ہیں، عمران خان کے اسمارٹ لاک ڈاؤن پریہ سخت لاک ڈاؤن کے حامی تھے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن میں گیارہ کے وی کے جھٹکے کے بعد یہ اپنی ہی ٹانگ اوربازو تڑوا بیٹھیں گے۔

مزید خبریں :