23 نومبر ، 2020
گلگت بلتستان کے حلقہ جی بی اے 2 گلگت 2 کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج پر پیپلز پارٹی نے احتجاج کیا جبکہ مظاہرین نے ایک سرکاری دفتر اور دو سرکاری گاڑیوں کا آگ لگادی۔
ریور ویو روڈ اور مختلف مقامات پر مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوئیں، کشیدہ صورت حال کے بعد پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی۔
ریور ویو، ائیرپورٹ روڈ سمیت گلگت شہر کےمختلف مقامات پر پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
پولیس نے ہوائی فائرنگ کے علاوہ آنسو گیس کے شیل فائر کیے۔ اس دوران مختلف مقامات پر سڑکوں پر ، محکمہ جنگلات کے دفتر اور 4 سرکاری گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔
ڈی آئی جی گلگت رینج وقاص احمد کےمطابق احتجاج کےدوران 20 سے25 افراد نےشرپسندی کی، سی سی ٹی وی کی مدد سے تفتیش کاآغاز کردیاگیاہے۔
ادھر ترجمان بلاول بھٹو زرداری سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے الزام عائد کیا ہے کہ گلگت بلتستان میں مظاہرین پر تشدد کیا گیا۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کا الیکشن چوری کرنے کے بعد اب تشدد پر اتر آئی ہے۔