03 دسمبر ، 2020
حکومت نے علماء کی مشاورت سے کورونا ایس او پیز کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا ایس او پیز کا ازسر نو جائزہ لینے کے لیے چاروں صوبوں کے گورنرز اور علماء کی ویڈیو کانفرنس آج بلا لی ہے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور علماء کے ہمراہ کانفرنس میں شریک ہوں گے، وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری بھی شریک ہوں گے۔
ویڈیو کانفرنس میں آزاد کشمیرکے صدر مسعود خان اور گلگت بلتستان کے گورنر کی بھی شرکت کا امکان ہے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ علماء سے مشاورت کے بعد ہی حکومت ایس او پیز کو طے کرےگی، کورونا سے بچاؤ کے لیے حکومت علماء کو ساتھ لے کر چلے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ تمام طبقات کو کورونا سے بچاؤ کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے، پی ڈی ایم بھی جلسوں کی ضد چھوڑ دے اور عوام کو کورونا سے بچائے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کی پہلی لہر کے دوران بھی حکومت نے علماء و مشائخ کی مشاورت سے ایس او پیز مرتب کی تھیں جس کے تحت مساجد میں نمازیوں اور صفوں کے درمیان فاصلہ چھوڑا گیا تھا، نمازی ماسک پہن کر مساجد میں آ رہے تھے اور مساجد میں سینی ٹائزر بھی رکھے گئے تھے۔