12 دسمبر ، 2020
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اسمبلیوں سے استعفے کے اعلان کے بعد بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے تمام استعفے پارٹی قیادت کے پاس جمع کردایے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ملک نصیر احمد شاہوانی نے بتایا کہ ان کی جماعت کے تمام 10 ارکان صوبائی اسمبلی نے استعفے پارٹی قیادت کو ارسال کر دیے ہیں۔
جمعیت علماء اسلام کے 7 ارکان ملک سکندر خان ایڈووکیٹ، میر زابد علی ریکی، شام لعل لاسی، اصغر علی ترین، مولوی نور اللہ، حاجی نواز کاکڑ، عبدالواحد صدیقی نے مستعفی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
دوسری جانب حکومتی اتحادی جماعت عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) جو پی ڈی ایم کا حصہ ہے کہ پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی نے مرکزی قیادت کے فیصلے پر عمل کرنے کی تصدیق کی ہے تاہم اب تک ان کی جانب سے پارٹی ارکان کے مستعفی ہونے کی تصدیق نہیں کی جاسکی۔
پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی نصر اللہ زیرے نے بھی اپنا استعفی پارٹی کے قائد محمود خان اچکزئی کو بھجوادیا ہے۔
اس سے قبل آزاد رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے بھی پی ڈی ایم کی ہدایت کی روشنی میں اپنی نشست سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔
تاہم مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیاب رکن اسمبلی سابق وزیر اعلی نواب ثنا اللہ زہری کی جانب سے ابھی استعفیٰ دینے یا نہ دینے کا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تمام جماعتوں کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کو استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ 31 دسمبر تک تمام جماعتوں کے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ارکان پارٹی قائدین کے پاس استعفے جمع کرادیں۔