14 دسمبر ، 2020
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کی جماعت کا بیانیہ نہیں بک سکتا۔
اپنے بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ ناکامی کا نکتہ آغاز ہے، محمود اچکزئی نسل در نسل پاکستان کے مخالف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے ارکان اسمبلی نے اچکزئی کی باتیں مسکرا کر سنیں، ہمارا شکوہ ن لیگ اور ان کی قیادت سے بنتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار شہباز گِل کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز لاہور میں شریفوں کی داستان دفن ہوگئی جو سحر تھا ٹوٹ گیا۔
انہوں نے کہا کہ مریم پہلی سولو پرفارمنس کیلئے 10 دن پھریں لیکن ناکام ہوئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا لاہور میں جلسہ ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ حکومت کی جانب سے جلسے کو ناکام شو قرار دیا گیا۔