دنیا
Time 31 دسمبر ، 2020

ایران نے یوکرین طیارہ حادثے کے متاثرین کیلیے امداد کا اعلان کردیا

فوٹو: اے ایف پی

تہران: ایران نے یوکرین طیارہ حادثہ کے متاثرین کو ایک لاکھ 50 ہزار ڈالر فی کس دینے کا اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایرانی کابینہ نے گزشتہ سال امریکا ایران کشیدگی کے دوران غلطی سے مار گرائے جانے والے یوکرین کے طیارے میں سوار افراد کے اہلخانہ کو فی کس ایک لاکھ 50 ہزار ڈالر دینے کی منظوری دے دی ہے۔

ایرانی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ کابینہ ایک لاکھ 50 ہزار ڈالر یا اس کے مساوی یورو طیارے حادثے میں مرنے والوں کے لواحقین کو جلد سے جلد دینے کی منظوری دی ہے۔

ایرانی صدر کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کابینہ نے اس بات پر زور دیا ہےکہ متاثرہ فیملیز کو قوانین پر عملدرآمد کرتے ہوئے بلا تفریق رقم فراہم کی جائے چاہے ان کا تعلق کسی بھی قوم اور ملک سے ہو۔

دوسری جانب یوکرین کا کہنا ہےکہ ایران نے جس طرح اس معاملے سے نمٹا وہ ناقابل قبول ہے، متاثرین کے لیے امدادی رقم پر بات چیت ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کو سزا بھی دی جانی چاہیے۔

واضح رہےکہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں ہلاکت کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب نے اپنی حدود سے گزرنے والے یوکرین کے طیارے کو میزائل مار کر گرایا تھا جس میں 176 مسافر ہلاک ہوئے تھے جب کہ ایران کی جانب سے اس غلطی کا اعتراف کرکے  معذرت بھی کی گئی تھی۔

مزید خبریں :