اپنی کتاب 'میں مسیحا نہیں ہوں' پر تنقید پر سونو سود بول پڑے

 لاک ڈاؤن کے دوران ضرورت مند افراد کی مدد کی وجہ سے سونو سود کو کافی شہرت اور نیک نامی حاصل ہوئی ہے،فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارتی ادکار سونو سود نے اپنی کتاب ' میں مسیحا نہیں ہوں' کے سرورق  اور نام پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا جواب دیا ہے۔

 خیال رہےکہ بالی وڈ اور جنوبی بھارت کی فلموں میں ولن اداکار  کے طور پر معروف سونو سود کو بھارت میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران مزدوروں اور ضرورت مند افراد کی مدد کی وجہ سے کافی شہرت اور نیک نامی حاصل ہوئی ہے۔

بھارتی  عوام میں سونو سود کی عزت و احترام میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے اور اب انہیں فلموں میں   مرکزی کرداروں کی پیشکش بھی ہونے لگی ہے۔

سونوسود نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران اپنی مصروفیات ،احساسات اور پیش آنے والے واقعات پر  مشتمل خودنوشت لکھی ہے  جوکہ کتاب کی صورت میں گزشتہ دنوں ہی شائع ہوئی ہے،کتاب کا نام  ' میں مسیحا نہیں ہوں' رکھا گیا ہے جس کے سرورق پر سونو سودکی تصویر بھی لگی ہوئی ہے۔

کتاب کی اشاعت اور نام پر سوشل میڈیا پر جہاں کئی لوگوں نے پسندیدگی کا اظہار کیا وہیں بہت سے لوگوں نے ان پر تنقید بھی کی ہے اور اسے خود نمائی کا طریقہ قرار دیا ہے۔

اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے سونو سودکا کہنا ہےکہ مجھے کبھی بھی اس طرح خود نمائی کا شوق نہیں رہا، مجھے خود کو مسیحا کہلائے جانے کا شوق نہیں اور جو مداح ایسا کرتے ہیں میں انہیں منع کرتا ہوں کہ وہ مجھے ایسے القابات سے نہ پکاریں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ مجھے دنیا میں کسی مقصد کے لیے بھیجا گیا ہے، میں اپنا کام کرتا رہوں گا چاہے مجھے مسیحا کہا جائے یا مسیحا پکارے جانے پر مجھے تنقید کا نشانہ بنایا جائے۔

مزید خبریں :