20 ستمبر ، 2012
اسلام آباد… پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میر مرتضیٰ بھٹو نے جلاوطنی کی سختیاں برداشت کیں، والد کے قتل اور اپنی زندگی میں پیش آنے والے مصائب کے باوجود مرتضیٰ بھٹو نے آمریت کی مخالفت ترک نہیں کی، صدر آصف علی زرداری نے یہ بات مرتضیٰ بھٹو کی جمعرات کو منائی جانے والی 16 ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو ہمیشہ یقین رہا ہے کہ میر مرتضیٰ بھٹو کو 20 ستمبر 1996ء میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش گولی ماری گئی تھی۔ میر مرتضیٰ بھٹو باہمت اور حوصلہ مند شخص تھے جنہوں نے مشکلات سے بھر پور زندگی گزاری اور انہیں آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے حوالہ سے یاد رکھا جائے گا۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں میر مرتضیٰ بھٹو کے لیے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ میر مرتضیٰ بھٹو اور ان کے ساتھ جان بحق ہونے والوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو یہ عظیم نقصان و صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ میر مرتضیٰ بھٹو کے قاتل اپنے انجام سے کبھی نہیں بچ سکیں گے اور انہیں ضرور سزا ملے گی کیونکہ وقت کا پہیہ چلتا رہتا ہے۔