20 ستمبر ، 2012
اسلام آباد…وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کردار کو تسلیم اور سراہا جانا چاہئے، پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے َ انہوں نے یہ بات امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس بارے سلیکٹ کمیٹی کے اراکین کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی ہے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ یہ بات بڑی اہم ہے کہ امریکہ نے پاکستان کی ترجیحات ، تشویشوں کو بہتر انداز میں سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دو طرفہ تعلقات میں بہتری لانے کی کوششوں اور پاکستان امریکہ تعلقات میں حالیہ مثبت پیش رفت کے سلسلہ میں تفصیلی مذاکرات کیلئے واشنگٹن آئی ہیں۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے امریکہ میں پاکستان کی سفیر شیری رحمن کے ہمراہ امریکی سینیٹ کے اراکین سے تبادلہ خیال کیا۔ امریکہ کی طرف سے سلیکٹ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر ڈیانے قین سٹین ، وائس چیئرمین سینیٹر ساکسی حمیلبس اور سینیٹر رچرڈ لور، ڈان کوٹس ، بل نیلسن اور ایم ڈی اور روبیو اور جیمز رسچ نے مذاکراتی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے امریکی سینیٹرز کو دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی طرف سے دی جانے والی غیر معمولی قربانیوں اور جنوبی و وسطی ایشیا کو پرامن مستحکم بنانے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔