20 ستمبر ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے اپنے بیان میں شان رسول کے خلاف بنائی جانے والی شیطانی فلم کی ایک مرتبہ پھر شدیدمذمت کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملہ پراپنااحتجاج ضروررجسٹرکرائیں لیکن نجی وسرکاری املاک کونقصان پہنچانے سے گریزکریں کیونکہ پرتشدد احتجاج سے بیہودہ فلم بنانے والوں اوران کی سپورٹ کرنے والوں کی صحت پرکوئی اثرنہیں پڑے گا بلکہ پرتشدداحتجاج سے اپنے ہی عوام اور ملک کا نقصان ہوگا۔ الطاف حسین نے صدرمملکت آصف علی زرداری سے پرذوراپیل کرتے ہوئے کہاکہ اب جبکہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے جارہے ہیں تووہ جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں اس بیہود ہ اورشرانگیزفلم کے معاملہ کوبھی اٹھائیں،اس کی بھرپور مذمت کریں اوراس پر پوری قوم کے جذبات سے عالمی برادری کوآگاہ کریں اوراس فلم کے خلاف جنرل اسمبلی میں قراردادمذمت پیش کی جائے ۔انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ اس شرانگیزاورمذموم فلم کی بھرپورمذمت کرے۔ الطاف حسین نے تمام اکابرین اورعوام سے اپیل کی کہ وہ کل بروزجمعہ یوم عشق رسول کے موقع پر اپناپرامن احتجاج رجسٹرکرائیں اوراقوام متحدہ، امریکہ، نیٹواوراو آئی سی کے رکن ممالک کے سربراہوں کواحتجاجی مراسلے روانہ کریں اورپرامن طریقوں سے اپنے جذبات کااظہار کریں۔دریں اثناء الطاف حسین نے ایم کیوایم ماری پورسیکٹرمشرف کالونی یونٹ کے فنانس سیکریٹری جاویداحمد،اولڈملیرسیکٹرمہران یونٹ کے انچارج غلام سرورگوپانک اورایم کیوایم ملیرسیکٹرکے ہمدردعبدالغنی بلوچ کی دہشت گردوں کے ہاتھوں المناک شہادتوں پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیاہے۔ایک تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے مقتول کارکنان کے تمام سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی اورکہاہے کہ دکھ اورافسوس کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مقتول کارکنان جاویداحمد، غلام سرور اورعبدالغنی کواپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اورسوگوارلواحقین کوصبرجمیل عطافرمائے۔(آمین)