پاکستان
24 ستمبر ، 2012

دوہری شہریت والا آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے گا، الیکشن کمیشن

دوہری شہریت والا آئندہ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے گا، الیکشن کمیشن

اسلام آباد … آئندہ دوہری شہریت رکھنے والا کوئی بھی شخص عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے گا، الیکشن کمیشن پاکستان نے اراکین پارلیمنٹ اور ارکان صوبائی اسمبلی سے دوہری شہریت سے متعلق نیا حلف نامہ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے، سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق 11 اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کو معطل کرتے ہوئے نااہل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، رحمان ملک ان میں شامل نہیں ہیں، ان سے متعلق ریفرنس چیئرمین سینیٹ کے پاس ہے، 30 دن میں فیصلہ نہ کیا گیا تو الیکشن کمیشن اپنے طور پر کارروائی کرے گا۔ اسلام آباد میں الیکشن کمیشن پاکستان کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے کہا کہ دوہری شہریت کیس پر 2 سال سے کام کررہے ہیں، الیکشن کمیشن کے اجلاس میں کچھ متفقہ فیصلے کئے گئے ہیں، آئندہ دوہری شہریت رکھنے والا شخص انتخابات میں حصہ نہیں لے سکے گا، اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں سے دوہری شہریت سے متعلق نیا حلف نامہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق 11 ارکان کا ڈی نوٹی فکیشن جاری کردیا تھا، رحمان ملک کی معطلی کا فیصلہ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے ریفرنس آنے پر کیا جائیگا، چیئرمین سینیٹ کو 30 دن میں رحمان ملک کیخلاف ریفرنس کا فیصلہ کرنا ہے، اگر انہوں نے فیصلہ نہ کیا تو الیکشن کمیشن پاکستان خود فیصلہ کرے گا۔ اشتیاق احمد نے بتایا کہ رحمان ملک ابھی رکن سینیٹ اور وفاقی وزیر داخلہ ہیں، انہیں نااہل یا معطل نہیں کیا گیا، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں رحمان ملک کو نااہل قرا ردینے کا حکم نہیں دیا تھا۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ دوہری شہریت والے 11 ارکان پارلیمنٹ کو نااہل قرار دیا جاچکا ہے، رحمان ملک کا نام ان میں شامل نہیں ہے، 12 ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے اس سے متعلق درخواستیں متعلقہ سیشن جج کو بھیجی جارہی ہیں تاکہ وہ کارروائی شروع کرسکیں، اراکین سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں نے جعلی دستاویزات جمع کرائی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر ان افراد کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، عام انتخابات پر سیاسی جماعتوں کی تجویز کا خیر مقدم کیا جائے گا۔

مزید خبریں :