24 ستمبر ، 2012
اسلام آباد … این آر او عملدر آمد کیس میں عدالتی حکم کے تحت سوئس حکام کو خط لکھنے کیلئے مسودہ تیار کرلیا گیا، مجوزہ خط کا متن صدر، وزیراعظم اور وفاقی وزیر قانون کو جائزے کیلئے بھجوادیا گیا۔ ذرائع کے مطابق این آر او عملدر آمد کیس میں سپریم کورٹ کی ہدایت پر سوئس حکام کو خط لکھنے کیلئے مسودہ 3 ، 4 دن پہلے سینیٹر وسیم سجاد کے چیمبر میں تیار کیا گیا جسے آج حتمی شکل دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ خط کا مسودہ 2 صفحات پر مشتمل ہے اور یہ صدر زرداری، وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کو جائزے کیلئے بھجوادیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ خط کے مسودے میں سابق اٹارنی جنرل ملک عبدالقیوم کا 22 مئی 2008ء کو لکھا گیا خط واپس لینے کی تحریر بھی شامل ہے۔