26 ستمبر ، 2012
اسلام آباد… حکومت نے سوئس کیسز سے متعلق جنیواکے اٹارنی جنرل کیلئے تیار خط کا نیا مسودہ سپریم کورٹ میں پیش کردیا ہے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ این آر او عمل درآمد کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ وزیرقانون فاروق نائیک نے سوئس حکام کو خط لکھنے کیلئے سوئس کیسز سے متعلق روسٹرم پر آکر بولنا شروع کیا اور عدالت سے استدعا کی کہ معاملے کے حل کیلئے انہیں چیمبر میں سن لیا جائے۔ عدالت نے ان کی یہ استدعا مسترد کر دی، جسٹس آصف نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے لیے ممکن نہیں ہوگا ،کوما ،فل سٹاپ پر بات کیلئے چیمبر جائیں۔ فاروق نائیک نے اصرار کیا کہ یہ حساس معاملہ ہے، یہاں بات نہیں کی جاسکتی، چیمبر میں وسیم سجاد بھی میرے ہمراہ ہونگے تاہم جسٹس کھوسہ نے ریمارکس دیئے کہ جو کہنا ہے عدالت میں کہیں تاکہ شفافیت برقرار رہے۔ بعد ازاں وزیرقانون نے سوئس حکام کیلئے لکھے گئے خط کا ڈرافٹ اور سمری پیش کردی ۔بعد ازاں سماعت میں وقفہ کر دیا گیا اور جج صاحبان مشاورت کیلئے چیمبر میں چلے گئے