پاکستان
26 ستمبر ، 2012

این آر او عمل درآمد کیس کی ججز چیمبر میں سماعت

این آر او عمل درآمد کیس کی ججز چیمبر میں سماعت

اسلام آباد… این آر او عمل درآمد کیس کی سماعت اب ججز چیمبر میں جاری ہے جہاں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ حکومت کی جانب سے تیار کردہ خط کے اس نظرثانی شدہ مسودے کا جائزہ لے رہا ہے جو عدالتی احکام کی روشنی میں سوئس حکام کو لکھا جائے گا۔ ججز چیمبر میں وزیر قانون فاروق نائیک اور حکومتی وکیل وسیم سجاد بھی موجود ہیں۔ اس سے قبل کمرہ عدالت میں وزیرقانون فاروق نائیک نے سوئس کیسز سے متعلق ترمیم شدہ خط کا مسودہ پیش کیا لیکن معاملہ ، ججز کے چیمبر میں زیر غور لائے جانے کی درخواست بھی کی۔ فاروق نائیک نے کہاکہ یہ حساس معاملہ ہے، یہاں بات نہ کی جائے، ججز اپنے چیمبر میں بات سن لیں، وہاں وسیم سجاد بھی آئیں گے،ججز نے پہلے یہ درخواست منظور نہ کی لیکن فاروق نائیک نے اصرار کیا اور کہاکہ یہ بات عدالتی وقار اور جمہوریت کیلئے بھی بہتر ہوگی۔ ابتداء میں ججز نے وہیں رہتے ہوئے خط کے ڈرافٹ کا جائزہ لیا لیکن پھر کچھ دیر بعد مزید غور کیلئے چیمبر میں چلے گئے جہاں فاروق نائیک اور وسیم سجاد کو بھی بلوا لیا گیا۔ اس سے پہلے بنچ کے دو ارکان جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس اعجاز چودھری نے ان کیمرا سماعت پر اظہار اختلاف کیا، جسٹس اعجاز افضل نے کہاکہ کمی یا خدشات کا معاملہ کھلی عدالت میں آنا چاہیئے،جسٹس اعجاز چودھری نے کہاکہ ابھی عدالت نے طے کرنا ہے کہ ان کیمرا سماعت کی جائے یا نہیں، بنچ کے سربراہ جسٹس آصف کھوسہ نے کہاکہ عدالت نے درمیانی راستہ کی کبھی بات نہیں کی، ہمیشہ یہ بات کی کہ معاملہ حل ہونا چاہیئے، شفافیت ضروری ہے۔

مزید خبریں :