26 ستمبر ، 2012
دبئی…آسٹریلیا کے عالمی شہرت یافتہ امپائر سائمن ٹوفل آئی سی سی کے ایلیٹ پینل سے دستبردار ہوگئے ہیں، ورلڈ ٹی 20 ان کے امپائرنگ کیرئیر کا آخری ایونٹ ہوگا۔آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے سائمن ٹوفل نے آن فیلڈ امپائرنگ کو چھوڑ کر آئی سی سی میں امپائرز منیجرکی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ورلڈ ٹی 20 اُن کے امپائرنگ کیرئیر کا آخری ایونٹ ہوگا، جس کے بعد وہ آئی سی سی میں امپائر پرفارمنس اور ٹریننگ منیجر کا عہدہ سنبھال لیں گے۔ سائمن ٹوفل کا شمار دنیا کے بہترین امپائرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1999 میں کیا جس کے بعد سے وہ 74 ٹیسٹ اور 174 ون ڈے میچز میں فرائض انجام دے چکے ہیں، وہ 2004 سے 2008 تک مسلسل 5 مرتبہ آئی سی سی کے بہترین امپائر کا ایوارڈ بھی حاصل کرچکے ہیں۔