08 مارچ ، 2021
وفاقی وزیرفیصل واوڈا نے نااہلی کیس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ رکوانے کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
الیکشن کمیشن پاکستان میں سابق رکن قومی اسمبلی اور حال ہی میں سینیٹر منتخب ہونے والے فیصل واوڈا کی نااہلی کے لیے 3 درخواستیں دائر کی گئی ہیں، جس پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرنا ہے۔
فیصل واوڈا نے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی ہے جس میں ان کا مؤقف ہے کہ الیکشن کمیشن میں دائر درخواستوں پر فیصلہ روکا جائے، انہوں نے رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو ان کے خلاف شکایات سننے کا اختیار نہیں،قرار دیا جائے کہ یہ الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار نہیں ۔
عدالت نے درخواست دائر کرنے کی استدعا منظور کر لی ہے، فیصل واوڈا کی درخواست پر سماعت منگل ہوگی۔
فیصل واوڈا کے درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ فیصل واوڈا نے 2018 کے عام انتخابات میں جب کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے اس وقت وہ دہری شہریت رکھتے تھے، لیکن کاغذات میں دہری شہریت چھپائی تھی اس لیے وہ نااہل ہیں۔