09 مارچ ، 2021
عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کا ایک ہی حل ہے کہ انسان سماجی دوری برقرار رکھے اور ساتھ ہی فیس ماسک کا استعمال کرے۔
کورونا وائرس سے قبل بہت ہی کم لوگ فیس ماسک استعمال کرتے تھے لیکن اب یہ ہماری زندگیوں کا ایک اہم حصہ بن گیا ہے جس کے بغیر ہم گھر سے باہر نکلنا بھی تصور نہیں کرتے۔
فیس ماسک کے حوالے سے دنیا بھر میں متعدد ایجادات سامنے آ چکی ہیں اور گزشتہ چند ماہ میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس فیس ماسک پیش کیے جا چکے ہیں۔
گزشتہ سال ایک ایسی چیز ایجاد کی گئی ہے جسے خاص طور پر ائیر بون پارٹیکلز (ہوا میں موجود ایسے ذرات جو قدرتی آنکھوں سے نظر نہیں آتے) کے لیے تیار کیا گیاہے جس کا نام ’نوزی‘ ہے۔
’نوزی‘ ایک ایسی ایجاد ہے جو باآسانی آپ کی ناک پر فٹ ہو جاتی ہے جس کے اندر ایسے جدید فلٹرز موجود ہیں جو ہوا میں موجود ذرات کو سانس کے ساتھ پھیپھڑوں میں داخل ہونے سے بچاتے ہیں۔
’نوزی‘ کو گزشتہ سال مارچ میں پیش کیا گیا تھا جسے دسمبر میں فروخت کے لیے پیش کیا جانا تھا لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے اس کی پیداوار متاثر ہو گئی اور اب اس کی ترسیل اپریل 2021 سے کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ‘نوزی’ سے متعلق ملے جلے ردعمل سامنے آ رہے ہیں اور اس کا مذاق بھی اڑایا جا رہا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ’نوزی‘ ہوا میں موجود مضر مادوں سے بچانے کے لیے بے حد مددگار ثابت ہو گا جب کہ یہ تمام اقسام کے فیس ماسکس سے بھی بہتر ہے۔