25 جون ، 2021
وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدا لقدوس بزنجو کو تبدیل نہیں کیا جا رہا۔
اخبارات کے ایڈیٹرز اور سینئر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں پیش آنے والے واقعے پر اسپیکر بااختیار ہیں، وہ پارلیمانی کمیٹی بنا کر معاملے کو حل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایوان میں اپنے تحفظات پیش کرے، سڑکوں اور تھانوں میں مسائل حل نہیں ہوتے، اسمبلی کا تقدس پامال کرنے پر اسپیکر کی جانب سے درخواست دائر کی گئی، اسمبلی واقعہ میں سکیورٹی کے معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
جام کمال نے کہا کہ حکومت نے بجٹ ہر صورت میں پیش کرنا تھا جس کے لیے ہم سب اسمبلی گئے، اپوزیشن کے خلاف ایف آئی آر واپس لینے کا اختیار اسمبلی کو دیتا ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سردار یار محمد رند کی ناراضگی سمجھ سے بالاتر ہے، وہ کبھی ناراض اور کبھی خوش ہوتے ہیں، میں نے سردار یارمحمد کے محکمے میں کبھی مداخلت نہیں کی، ان کے قبائلی معاملات میں بھی حکومت کبھی فریق نہیں بنی۔
وزیرا اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بیرون ملک ناراض بیٹھے لوگوں سے اس وقت بات ہو گی جب وہ ملک کو تسلیم کریں گے، خان آف قلات سے رابطے میں نہیں ہوں۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما عثمان کاکڑ کی وفات کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے جام کمال کا کہنا تھا کہ عثمان کاکڑ کے لواحقین کے ساتھ ہر قسم کاتعاون کرنے کو تیار ہیں، لواحقین کے پاس اگر کوئی ثبوت ہیں تو دیں، کسی دباؤ میں آئے بغیر قاتلوں تک پہنچیں گے۔