Time 30 جون ، 2021
سائنس و ٹیکنالوجی

پالیسی خلاف ورزی پرٹک ٹاک نے3 ماہ میں پاکستان میں کتنی ویڈیوز ہٹائیں؟ رپورٹ جاری

فوٹو: فائل

سوشل میڈیا کی معروف لِپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک نے اپنی سہ ماہی ٹرانسپیرنسی رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق 3 ماہ کے دوران پالیسیوں کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان میں 6.5 ملین(65 لاکھ) ویڈیوز ہٹائی گئیں۔

 ٹک ٹاک کی سہ ماہی ٹرانسپیرنسی رپورٹ کے مطابق پاکستان دوسری بڑی مارکیٹ ہے جہاں ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز یا ٹرمز آف سروس کی خلاف ورزی کرنے والی اور کورونا وائرس کے بارے میں گمراہ کن معلومات پھیلانے والی ویڈیوز ہٹائی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق جنوری،2021 تا مارچ 2021 کے عرصے میں 61,951,327  ویڈیوز کو عالمی سطح پر ہٹایا گیا جو ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی گئیں تمام ویڈیوز کے 1 فیصد سے بھی کم ہیں، ٹک ٹاک نے اِن ویڈیوز میں سے 91.3 فیصد ویڈیوز استعمال کرنے والوں کی جانب سے رپورٹ کیے جانے سے قبل ہٹائیں جب کہ 81.8 فیصد ویڈیوز دیکھے جانے سے قبل ہٹائی گئیں اور 93.1 فیصد ویڈیوز کو پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹایا گیا۔

پاکستانی مارکیٹ میں، ٹک ٹاک نے64 لاکھ 95 ہزار992 ویڈیوز ہٹائیں، اِس طرح پاکستان دوسری بڑی مارکیٹ بن گیا جہاں امریکا کے بعد، سب سے زیادہ ویڈیوز ہٹائی گئیں،  اِسی عرصے میں،امریکا میں، 8,540,088 ویڈیوز ہٹائی گئیں۔

ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ ایک ذمہ دار پلیٹ فارم ہونے کی حیثیت سے وہ عوامی صحت کے ماہرین کے ساتھ بھی کام کر رہا ہے تاکہ کمیونٹی کو محفوظ رکھا جا سکے اور کوویڈ19 اور اِس کی ویکسین کے بارے میں معلومات فراہم ہوتی رہیں۔

فوٹو: ٹک ٹاک

لوگوں کو  ہب کی جانب راہنمائی کرنے والے بینرز  ویڈیوز میں شامل کیے گئے جنھیں بڑی تعداد میں دیکھا گیا، اس بارے میں ٹک ٹاک کے ریجنل پروڈکٹ پالیسی، ٹرسٹ اینڈ سیفٹی ہیڈبرائے ایشیا پیسیفک،جامِن تان کہا ہے کہ ہم کوویڈ19سے تعلق رکھنے والے پبلک سروس اعلانات اور ویکسین کے ہیش ٹیگ شامل کرتے رہے ہیں جو ٹک ٹاک استعمال کرنے والوں کو عالمی ادارہ صحت اور صحت کے مقامی وسائل کی جانب رہنمائی کر رہے تھے،ہم جہاں معلومات تک رسائی فراہم کر رہے ہیں، وہیں ہم نے سنہ 2021ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران، 30 ہزار 624 ویڈیوز بھی ہٹائیں جو کووِیڈ19کے بارے میں گمراہ کن معلومات پھیلا رہی تھیں، اِن ویڈیوز میں سے 79.6 فیصد کوہمیں رپورٹ کیے جانے سے پہلے ہٹایا گیا، 88.4 فیصد کو ٹک ٹاک پر اپ لوڈکیے جانے کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر ہٹایا گیا اور 61.2 فیصد کو صفر ویوز(بغیر دیکھے) کے ساتھ ہٹایا گیا۔

فوٹو: ٹک ٹاک

خلاف ورزی کرنے والے مواد کو خود بخودہٹانے کی غرض سے ٹک ٹاک ٹیکنالوجی پر بھروسہ کرتا ہے، یہ کانٹینٹ بنانے والوں کو بھی اس بات کا موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنی ویڈیو ہٹائے جانے کے خلاف اپیل کر سکیں، اپیل موصول ہونے کے بعد ٹک ٹاک ویڈیو کا دوبارہ جائزہ لیتا ہے اور یہ معلوم ہونے پر کہ ویڈیو زکو غلطی سے ہٹایا گیا ہے اور یہ پالیسیوں کے خلاف نہیں ہے اُن ویڈیوز کو بحال کر دیا جاتا ہے۔

جامِن تان کے مطابق گزشتہ سہ ماہی میں، ہم نے 2,833,837 ویڈیوز کو اپیل کے بعد بحال کر دیا تھا، ہمارا مقصد اپنی ماڈریشن میں تسلسل اور منصفانہ رویہ اختیار کرنا ہے ہم  گمراہ کن  پروپیگنڈے کی کمی کے لیے اپنا کام کرتے رہیں گے اور اپنی ماڈریشن کی ٹیم کی تعلیم و تربیت بھی کرتے رہیں گے۔

آپ ٹک ٹاک کی کمیونٹی گائیڈ لائنز کے بارے میں مزید معلومات کے لیے یہاں وزٹ کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں :