29 جولائی ، 2021
ممبئی پولیس کی جانب سے اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا اور ان کے بزنس پارٹنر ریان کے مابین موبائل اور میک بک پر ہاٹ شاٹ ایپ کی آمدن سے متعلق معلومات اکٹھا کی جارہی ہیں تاہم اب بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں راج کندرا کی آمدن کی تفصیلات شیئر کی گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق راج کندرا نے گزشتہ برس اگست سے دسمبر تک اس ایپ سے ایک کروڑ 17 لاکھ بھارتی روپے (2 کروڑ 34 لاکھ سے زائدپاکستانی روپے) کمائے جب کہ راج کندرا کو بذریعہ ایپ گوگل اور ایپل اسٹور سے بھی منافع حاصل ہوا۔
رپورٹ کے مطابق راج کندرا کو فلموں سے حاصل آمدن میں تیزی سے اضافہ ہوا اور وہ 2023 تک 34 کروڑ بھارتی روپے( 68 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کمانا چاہتے تھے۔
اس سے قبل بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ راج کندرا اور ان کی ٹیم اوسطاً 5 لاکھ بھارتی روپے (10لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) ایک فلم موبائل ایپلی کیشن پر نشر کرنے کے وصول کرتے تھے۔
بھارتی پولیس نے راج کندرا سے منسلک مختلف بینک اکاؤنٹس میں ساڑھے 7 کروڑ سے زائد بھارتی روپے (15 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) منجمد کردیے ہیں۔
یاد رہے کہ بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو گزشتہ دنوں فحش فلمیں بنانے اور پھر موبائل ایپس پر پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ممبئی کی عدالت نے فحش فلموں کے کیس میں اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے۔